پانچ دریائوں کا معمہ اور پنجند ہیڈ ورکس

Spread the love

تحریر: ڈاکٹر مبشر سلیم

پانچ دریائوں کی سرزمین پنجند پر جب لکھنے بیٹھا اور دریائوں کی گنتی شروع کی تو معلوم ہوا ایک دریا گم ہوگیا ہے۔ راوی جہلم چناب اور ستلج ۔۔ لیکن پانچواں غائب۔۔

کافی دیر سر کھپانے کے بعد ملک صاحب سے مدد چاہی تو انہوں نے مشورہ دیا اس دن وہاں جاکر جو پسینہ بہایا ہوگا اسے آپ پانچواں دریا قرار دے سکتے ہیں۔

جس وقت پنجند ہیڈ ورکس دیکھنے کا پروگرام فائنل ہوا تھا اس وقت صبح کی تازہ ہوا کے جھونکے اور آسمان پر آوارہ گردی کرتے بادل باقی دن کے بارے اچھی نوید سنا رہے تھے۔ لیکن جس وقت وہاں پہنچے دن کافی گزر چکا تھا۔ باد صبا صرصر میں بدل چکی تھی بادل اونٹ کے سینگوں کی مانند غائب ہوچکے تھے۔۔۔ اور وہاں پہنچ کر پسینہ یقینا پانچواں دریا بن چکا تھا جو چناب کا حصہ بن رھا تھا۔۔

بھلا ہو ملک صاحب کا جنہوں نے پنجاب کے نہری نظام کا نقشہ ڈھونڈ کر بھیج دیا ورنہ ہم پسینے کو پانچواں دریا قرار دینے کا حتمی ارادہ بنا چکے تھے۔۔۔

بہاولپور میں اچ شریف کے قریب پنجند وہ مقام ہے جہاں چناب دریا کے پانی میں پنجاب کے پانچوں دریا
اپنا حصہ ملا چکے ہوتے ہیں۔

سب سے پہلے دریائے بیاس انڈیا میں ہی حسینی والا کے قریب ستلج میں گر کر اپنا سفر ختم کردیتا ہے۔۔۔

اس کے بعد جھنگ شہر کے قریب جہلم دریا چناب میں ضم ہوجاتا ہے اور پھر احمدپور سیال کے قریب راوی اپنا سفر ختم کرکے چناب کا حصہ بن جاتا ہے۔ اور پنجند کے مقام پر دریائے ستلج بھی اپنا پانی چناب کے حوالے کر دیتا ہے۔۔

پنجند کے مقام پر ایک بیراج بنا کر تین بڑی نہریں نکالی گئی ہیں۔

پنجند کینال
عباسیہ کینال
اور عباسیہ لنک کینال
یہ نہریں بہاولپور اور رحیم یار خان کے اضلاع کو سیراب کرتی ہیں۔

حال ہی میں اس ہیڈ ورکس کو اربوں روپے لگا کر کافی جدید بنا دیا گیا ہے۔ اور ساتھ ساتھ سیر کیلئے آنے والے لوگوں کیلئے خوبصورت جگہوں کی تعمیر کا آغاز بھی کر دیا گیا۔

پنجند ہیڈورکس کا یہ مقام نہ صرف نہری پانی مہیا کرنے کا اہتمام کرتا پے بلکہ ایک بہترین تفریحی مقام بھی ہے۔ لیکن یاد رکھیں دریا پر پانی کی وجہ سے گرمی کے موسم میں حبس بہت زیادہ ہوتا ہے اس لیئے وہاں دریا کے ماحول سے لطف اندوز ہونے کی بجائے اذیت کا سامنا کرنا پر سکتا ہے۔ اس لیئے زیادہ گرم موسم میں ویاں جانے کا پروگرام نہ بنائیں۔ ورنہ پنجند میں چھٹا دریا بھی اپنا پانی چناب میں شامل کرنا شروع کر دے گا۔

پنجند ہیڈ ورکس کے مناظر

پنجند ہیڈ ورکس کے مناظر

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *