ڈاکہ ڈالنے کے لئے امتحان پاس کرنا ہو گا

ڈاکہ ڈالنے کے لئے امتحان پاس کرنا ہو گا
Spread the love

ڈاکو نے ڈاکہ ڈالنے سے پہلے اپنے بیٹے کا امتحان لیا۔۔۔۔۔۔۔

ڈاکو کے بیٹے نے ضد کرنا شروع کر دی کہ اسے بھی ڈاکہ ڈالنے کے لئے ساتھ جانا ہے، مگر باپ یہی کہتا رہا کہ تو ابھی اس قابل نہیں ہوا۔ بالآخر بیٹے کی ضد کے آگے ہتھیار ڈالنے پڑے اور اس شرط پر ساتھ لے جانے کے لئے رضامند ہو گیا کہ پہلے ٹریننگ مکمل کرنا ہو گی اور امتحان ہو گا۔ بیٹا خوش ہو گیا اور ٹریننگ شروع ہو گئی۔ باپ نے تمام تر حربے سکھائے، ہر طرح کے داؤ پیچ جو اس کے کام آ سکیں سکھا دئیے۔

بیٹا اب تک ہر امتحان پر پورا اتر رہا تھا۔ جب دیکھا بیٹا ہر لحاظ سے تیار ہے تو اسے پچاس فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگانے کو کہا۔ یہ اس کا آخری امتحان تھا۔ وہ اتنی بلندی پر پہنچ کر ڈرنے لگا۔ یہ آخری امتحان اسے قطعی ناممکن دکھائی دے رہا تھا، لہذٰا نیچے اتر آیا اور کہنے لگا کہ اتنی بلندی سے کودنے سے اس کی موت واقع نہ بھی ہوئی، تو بھی کم سے کم معذور ضرور ہو جائے گا۔

اس کے باپ نے تسلّی دی اور کہا کچی زمین ہے تمہیں کچھ نہیں ہو گا، ہمت کر کے کود جاؤ۔ بیٹا نہیں مان رہا تھا مگر اس کا باپ مسلسل اصرار کرتا رہا اور کہتا رہا دیکھو میں ہوں نا نیچے۔ مجھ پر بھروسہ رکھو اور کود جاؤ۔

امتحان سر کرنا بیحد ضروری تھا۔ بیٹا ڈرتے ڈرتے آخر کود ہی گیا۔ اس کے بعد اس کی آنکھ ہسپتال میں کھلی جہاں بائیں جانب اس کا باپ اس کا ہاتھ تھامے بیٹھا ہوا تھا۔ اس نے ہوش میں آتے ہی شکوہ شروع کر دیا کہ میں نا کہتا تھا کہ چوٹ لگ جائے گی۔ یہ کیسا امتحان تھا جس میں شکست واضح دکھائی دے رہی تھی۔ نتیجتاً میں ناکام رہا۔ کیا یہی اس کا مقصد تھا؟

اس کے باپ نے مسکراتے ہوئے اس کے کندھے پر ہاتھ رکھا اور کہا “ہاں تم بری طرح ناکام رہے ،اس امتحان کا مقصد تمہیں یہ سبق سکھانا تھا کہ جو کام تمہارا دل اور تمہاری عقل تسلیم نہیں کرتی، اسے کرنے کو خواہ تمہارا باپ بھی بولے تو مت کرو”

ہم جس پر اعتماد کرتے ہیں، اس کی اسی قدر اندھی تقلید میں مبتلا ہو جاتے ہیں، وہ گہری کھائی میں کودنے کا کہتا ہے اور ہم نعرے لگاتے ہوئے کود جاتے ہیں۔ بعد میں ایک دوسرے کو بتا رہے ہوتے ہیں “ہاں یار میرا دل بھی مطمئن نہیں تھا۔ ہاں مجھے بھی غلط لگ رہا تھا۔ بالکل ایسا نہیں ہونا چاہئیےتھا۔ وہ ایسا لگتا تو نہیں تھا جیسا کر گزرا ہے۔۔ خیر خود آگے جا کر بھرے گا۔”

اسلام کے بارے میں پڑھیں

تعلیم کے بارے میں مزید پڑھیں

اچھی اچھی کہانیاں مزید پڑھیں۔

سبق آموز تحریریں

سبق-آموز-کہانیاں

3 Comments on “ڈاکہ ڈالنے کے لئے امتحان پاس کرنا ہو گا”

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *